وش ویب : اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان کے سیکریٹری جنرل پروفیسر فرید اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی کے 1500 سے زائد ملازمین ہیں جن میں 600 کے قریب اساتذہ ہیں جن کی ایک ماہ کی تنخواہ کی رقم 26 کروڑ روپے بنتے ہیں۔چار ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے کم سے کم ایک ارب روپے کی ضرورت ہے لیکن صرف 25 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں جو کہ ناکافی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے بیشتر ملازمین نے مالی مسائل کی وجہ سے یونیورسٹی میں قائم بینک سے ادھار لیا ہے۔ چار ماہ سے یہ ادھار کی قسط بھی ادا نہیں کی ایک ماہ کی تنخواہ تو اس قسط کی ادائیگی میں بینکنک سسٹم کے ذریعے خود بخود کٹ جائےگی۔
بلوچستان میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد یونیورسٹیاں صوبائی حکومت کے ماتحت ہونے کی وجہ سے مالی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ باقی تینوں صوبوں نے اپنا صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن بنا لیا ہے لیکن بلوچستان میں اب تک یہ کمیشن نہیں بنابلوچستان یونیورسٹی کے مالی بحران کا مستقل حل نکالا جانا چاہیے۔بجٹ میں جس طرح باقی محکموں کے لیے سالانہ بنیادوں پر رقم مختص ہوتی ہے اسی طرح یونیورسٹی کے بھی بجٹ مختص کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ 750 ارب روپے کے سالانہ بجٹ میں بلوچستان حکومت نے صوبے کی 12 یونیورسٹیوں کے لیے صرف دو ارب 50 کروڑ روپے کی گرانٹ دی ہے جبکہ صرف بلوچستان یونیورسٹی کے سالانہ اخراجات تین ارب 50 کروڑ روپے سے زائد ہیں۔بلوچستان یونیورسٹی کی فیسوں کی مد میں سالانہ آمدن 50 کروڑ روپے سے زائد نہیں، وفاق سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے سالانہ صرف 98 کروڑ روپے ملتے ہیں۔
بلوچستان یونیورسٹی صوبے کی سب سے قدیم اور بڑی یونیورسٹی ہے، غربت کی وجہ سے لوگ اپنے بچے یہاں بھیجتے ہیں، اب بھی ایک سیمسٹر کی فیس 40 سے 45 ہزار روپے ہے۔ اگر ہم 400 فیصد فیس بڑھائیں تو ہی یونیورسٹی کے اخراجات پورے ہوسکیں گے۔بچے چالیس پچاس ہزار روپے فیس نہیں دے سکتے، اگر یہ فیس تین چار لاکھ روپے ہو جائے تو پھر بہت سے غریب طلبہ تعلیم سے محروم ہو جائیں گے۔بلوچستان میں پہلے ہی اعلی تعلیم کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔