کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر ساجد ترین اور جمعیت علماءاسلام کے حلقہ پی بی 36سے امیدوار سردار زادہ میر سعید لانگو کی جانب سے الیکشن کے نتائج پر پریس کانفرنس کی گئی، جس میں انکا کہنا تھا کہ حلقہ پی بی 36کے نتائج میں دھاندلی کر کے مخالف امیدوار کو جتوایا گیا ہے ، قلات کی تمام جماعتیں اور عوام 7پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کے حق میں ہیں ان پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ کروائی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 36میں 7پولنگ اسٹیشنوں پر مسلح افراد کے ذریعے پولنگ کا سامان چرایا گیا اور بعد میں ان نتائج میں دھاندلی کے ذریعے ہمارے نتائج کو تبدیل کیا گیا ۔ فارم 47میں میں جیت چکا تھالیکن اس کے باوجود نتائج کو تبدیل کرد یاگیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ دو دن سے ریٹرننگ افسران کو امیدوار ڈھونڈ رہے ہیں جبکہ قلات کے ریٹرننگ آفیسر پر شدید دباﺅ ہے ، علاقے میں عوام کو لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے سازش کے تحت یہ ڈرامہ کیا گیا ہے تا کہ آئندہ ماہ ایک جعلی سینیٹ انتخابات میں ڈمی کرداروں کو سینیٹ میں لایا جائے ۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ وہ بھی مصلحت کا شکار نہ ہوں اگر ایسا ہوا تو اس عمل میں وہ بھی ذمہ دار ہونگی ۔ الیکشن کے نتائج کی صورت میں قلات میں شاہراہیں بند ہیں عوام سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہیں،
پریس کانفرنس میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ قلات کے 7پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ کر وائی جائے ۔