وش ویب: حکومت بلوچستان اور ایف سی ساؤتھ بلوچستان کے زیراہتمام ایف سی ہیڈکوارٹر تربت میں گرینڈ عوامی جرگہ کا اہتمام کیا گیا.
تربت میں ہونے والے قبائلی جرگے میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے خاندانوں کی معاونت کا اعلان کیا گیا۔گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر کوئٹہ، آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)، وزراء، قبائلی عمائدین، خواتین، طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔جرگے کے آغاز میں شرکاء نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بےنظیر اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا، جس کے تحت بلوچستان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے بیرون ممالک پی ایچ ڈی کے تمام اخراجات صوبائی حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔
بلوچستان بورڈ کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ہر ضلع کے پہلے دس طلباء کی سولہ سالہ تعلیم کے اخراجات صوبائی حکومت اٹھائے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نہتے مزدوروں کو بلوچستان میں شہید کرنا افسوسناک ہے، اور ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ قبائلی عمائدین نے بلوچستان میں امن کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہوں نے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔قبائلی عمائدین نے حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کی جانب سے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔