وش ویب: ضلع کیچ میں شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی یوم پیدائش کے سلسلے میں تین تعلیمی اداروں میں تقریبات منعقد ہوئی ہیں۔
جن میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کے زیراہتمام اور ضلعی انتظامیہ کیچ کے سپورٹ سے علامہ اقبال کی شاعری اور فلسفے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں اسٹوڈنٹس نے علامہ اقبال کی شاعری اور افکار کے بارے میں شعر کیساتھ تقاریر کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اے ڈی سی جنرل کیچ تابش بلوچ اور پرنسپل کالج گل جان خالد تھے۔ دوسری جانب گورنمنٹ عطاشاد بوائز ڈگری کالج تربت میں پرنسپل پروفیسر امان اللہ بلوچ کے زیرصدارت بھی تقریری مقابلہ بسلسلہ یومِ اقبال منعقد ہوا۔
کالج کے ہال میں اقبال کی خودی کا نظریہ اور تعمیرِ ملت کے موضوع پر تقریری مقابلہ ہوا۔ پروگرام سے پرنسپل پروفیسر امان اللہ بلوچ، سینئر پروفیسر باقر علی شاکر اور پروفیسر گلاب بلوچ نے علامہ اقبال کے زندگی اور نظریہ کے متعلق خطاب کیا۔اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کیچ کے تعاون سے او پی ایف اسکول تربت کی جانب سے بھی یوم علامہ اقبال کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء و طالبات نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ تقریب میں بچوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری اور افکار پر مبنی تقاریر اور اشعار پیش کیے، جس کے ذریعے فلسفہ خودی اور اقبال کی دیگر تعلیمات کو اجاگر کیا گیا۔