وش ویب: دکی میں مسلح افراد نے پنجاب جانے والے کوئلے کے ٹرکوں کو آگ لگادی۔ دکی کے علاقے چمالنگ کول فیلڈ میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے سے لدے ٹرکوں پر حملہ کرکے پنجاب جانے والے 3 ٹرکوں کو آگ لگ گئی۔
لیویز حکام کے مطابق یہ واقعہ مختر روڈ پر کلی کچ کے علاقے کے قریب پیش آیا جہاں حملہ آوروں نے ٹرکوں کو روکنے کے لیے پہلے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ٹرکوں کو روکنے کے بعد مسلح افراد نے ان میں سے تین کو آگ لگا دی جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گئے، حملے کی فوری طور پر کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔
زخمی ڈرائیور کی شناخت حبیب اللہ حمزہ زئی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق مختر سے ہے اور اسے لورالائی ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے
واقعے کے بعد لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دوسری جانب، ضلع دکی کے منڈی تک علاقے میں کوئلے سے لدے ٹرک سڑک کنارے گہری کھائی میں الٹ گئے جس کے نتیجے میں دو ٹرک ڈرائیوروں کی موت ہو گئی۔
سینئر پولیس افسر ہمایوں خان نصر نے بتایا کہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے ٹرک ڈرائیوروں سے بے قابو ہوکر کھائی میں جا گرے۔
یاد رہے کہ فروری کے بعد سے، دکی میں کوئلے کی کانوں، ٹرکوں اور مزدوروں پر حملوں میں تیزی آئی ہے ، پچھلے حملوں میں 21 کان کن ہلاک ہو گئے تھے۔