وش ویب: کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی 2 طالبعلم سہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی عدم بازیابی کو تین سال مکمل ہونے پر جامعہ بلوچستان سے بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی.
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی 2 طالبعلم سہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی عدم بازیابی کو تین سال مکمل ہونے پر جامعہ بلوچستان سے بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کہ کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر دھرنے کی شکل اختیار کرگئی۔ احتجاجی ریلی میں میل اور فیمیل اسٹوڈنٹس سمیت سول سوسائٹی کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے وش نیوز کو بتایا کہ سہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی عدم بازیابی پر احتجاجی ریلیاں ہوتی آرہی ہیں، صوبائی حکومت کی یقین دہانی اور پارلیمنٹ میں ان کی بازیابی کیلئے طویل گفتگو کے باوجود بھی بے قصور بلوچ طلباء کو رہائی نہیں ملی ہے۔ اسٹوڈنٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، اگر وہ مجرم ہیں تو ان کو عدالتوں میں پیش کرکے سزائیں دی جائیں یا اگر وہ اس دنیا میں نہیں رہے تو ان کے اہلخانہ کو اطلاع دی جائے ۔