وش ویب: قلات میں سردیوں کی آمد کے ساتھ بجلی کا بحران مزید سنگین ہوگیا، کیسکو کی زیادتیاں عروج پر پہنچ گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قلات میں سردیاں شروع ہونے سے پہلے ہی بجلی کا بحران شدت اختیارکرگیا۔ کیسکو نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کو بارہ گھنٹوں سے بڑھا کراٹھارہ گھنٹے کردیا ہے۔
لوڈشییڈنگ میں اضافہ سے شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں طویل اٹھارہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے بعد بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے جس کے باعث قلات کے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
قلات کے شہریوں نے حکومت اور وفاقی وزیر پانی وبجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ قلات میں بجلی کی طویل اورغیرعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔
واضح رہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باوجود شہریوں کو کیسکو کی جانب سے بجلی کے بھاری بھرکم بل بھیجے جاتے ہیں جو شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔