وش ویب: کوئٹہ میں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ میں طلباء کی جانب سے سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔
27 اکتوبر، یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام سائیکل ریلی اور ریس منعقد کی گئی، جس میں ایک سو سے زائد سائیکلسٹ نے حصہ لیا اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔
سائیکل ریلی بلوچستان صوبائی اسمبلی کی عمارت کے سامنے سے نکالی گئی، جو کہ کوئٹہ شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ایک نجی یونیورسٹی، ائیرپورٹ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے اختتام پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر کویٹہ ہمزہ شفقات اور شیر احمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے غیر قانونی طور پر کشمیر پر فوج اتار کر قبضہ قائم کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔
ریلی اور تقریب کے شرکاء نے مزید کہا کہ جموں کشمیر کی عوام اپنی آزادی کے لئے مسلسل قربانیاں دے رہی ہے اور پاکستان کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تقریب کے اختتام پر سائیکلسٹ میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔