وش ویب: ملک میں پولیو وائرس سے متاثر ایک اور کیس سامنے آگیا۔
ریفرنس لیب نے خیبرپختونخوا میں پولیو کیس کی تصدیق کردی، ذرائع کے مطابق پولیو وائرس کا کیس کوہاٹ میں رپورٹ ہوا ہے.
رواں سال ملک میں پولیو وائرس کیسز کی تعداد 40 ہوگئی ہے۔
ذرائع این ای او سی کے مطابق متاثرہ بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیو سے متاثر بچے کی عمر ڈھائی سال ہے۔ پولیو کیس کی جینیاتی تشخیص کا عمل جاری ہے۔ رواں سال کوہاٹ سے پولیو وائرس کا دوسرا کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ کوہاٹ سے پہلا پولیو وائرس کیس گذشتہ ماہ سامنے آیا تھا۔
پولیو کیس کوہاٹ کی تحصیل درہ آدم خیل سے سامنے آیا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال کوہاٹ سے 4 پولیو پازیٹیو سیوریج سیمپلز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رواں سال بلوچستان سے 20 پولیو کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ سندھ سے 12، کے پی سے 6 ، پنجاب سے ایک اور اسلام آباد سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔