وش ویب: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہم 20 کیا اچھے انداز سے 10 وکٹیں بھی نہیں لے رہے جو بہت ہی مایوس کن بات ہے۔
ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی ہے۔
انگلینڈ سے بدترین شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ اس سے بڑھ کر کوئی اور مایوسی نہیں ہو سکتی، ہار ہمیشہ مایوسی دیتی ہے، 20 وکٹیں حاصل کیے بغیر آپ ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکتے، انگلینڈ نے راستہ نکالا اور 20 آؤٹ کیے، ہمیں انگلینڈ نے راستہ نکالنا سکھایا ہے، انگلینڈ نے اچھے عزم کا مظاہرہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔
کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں ٹیم نے اچھا اسکوربنایا تھا، ہمیں دوسری اننگز اچھی کھیلنی چاہیے تھی، ہم میچ سیٹ کر کے ہار رہے ہیں، ہمیں جیت کے لیے راستہ نکالنا سیکھنا ہے، ہمیں طریقہ نکالنا ہے کہ پہلی اننگز اچھی کھیلنے کے بعد میچ پراپنی گرفت برقرار کیسے رکھی جائے۔
انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں، ہم پچزکے لیے اپنی ضرورت اور اسکواڈ بتاتے ہیں، دوسرے ٹیسٹ کے لیے بیٹھیں گے اور اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے۔
کپتان شان مسعود نے سابق کپتان کی بیٹنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم پاکستان کا بہترین بیٹر ہے، وہ ایک اننگز کی دوری پر ہیں، دوسری جانب ابراراحمد اسپتال میں ہیں، دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔