وش ویب: تربت کے علاقہ اللہ بخت کلاتک میں منعقدہ مذہب اسلام کے تین روزہ تبلیغی اجتماع دعا اور استغفار کے بعد اختتام پریز ہوگیا۔
جس میں ایران، بلوچستان سمیت ملک بھر کے مختلف علاقوں کے لوگوں نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کیا۔ تین روزہ اجتماع کے دوران مولانا عبیداللہ، مولانا جمال ،مولانا عباداللہ، ڈاکٹر عبد الرشید اور دیگر علماء کرام نے وعظ و نصیحت کرکے انسانوں کو اپنی اصلاح، نماز و عبادت کا درس دیا، قرآن و سنت اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح طرز زندگی گزارنے کی تلقین کی۔
اجتماع میں علماء کرام اور بزرگ حضرات نے لوگوں کو اسلامی تعلیمات سے جڑے رہنے اور اپنی ذاتی اصلاح اور شخصیت کو اسلامی سانچے میں ڈالنے پر زور دیا۔ علماء کرام نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب تک ہم اپنے اعمال کی اصلاح نہیں کریں گے تو دنیا وآخرت میں کامیاب نہیں رہیں گے، ضروری ہے کہ ہم اپنے اصلاح پر توجہ دیں۔
ہمارے اعمال کی وجہ سے ہم پر ظالم حکمران مسلط ہیں لہذا اپنے اعمال کو درست کرکے قرآن وسنت کے مطابق اور احکام اسلام کی پیروی میں زندگی گزاریں۔ اجتماع کے آخری دن عالم اسلام، ملکی سلامتی اور مسلمانوں کی فلاح وبہبود اور دنیا وآخرت میں کامیابی کے حصول کے لیے دعاکی گئی، دعا میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے مختلف علاقوں سے شرکت کی۔
جبکہ اجتماع کے دوران تین روزہ، چالیس روزہ، اور سال کیلئے مختلف جماعتیں تشکیل دی گئیں۔اختتامی دن پر اندرون اور بیرون ملک کے مختلف شہروں کیلئے تبلیغی جماعتیں روانہ ہوگئیں۔