وش ویب: کراچی کے علاقے بلدیہ حب ریور روڈ پر یوسف گوٹھ کے مکینوں نے 5 گھنٹے سے احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔
کراچی کو حب بلوچستان سے ملانے والی شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ اہم ترین شاہراہ بلاک ہونے سے بندرگاہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت کا سلسلہ بھی رک گیا ہے۔ پولیس نے مظاہرین سے بارہا مذاکرات کی کوشش کی مگر مظاہرین نے بجلی بحال ہونے تک احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کے الیکٹرک انتطامیہ نے اپنے مؤقف میں بیان کیا ہے کہ علاقے کی چار پی ایم ٹیز پر 16کروڑ سے زائد کے واجبات ہیں۔ جس پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے ہر پی ایم ٹی کے کم ازکم 50 بلوں کی ادائیگی پر بجلی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مگر مظاہرین ایک بل بھی جمع کرانے کو تیار نہیں ہیں۔