وش ویب: کراچی کی بندرگاہ کیماڑی کےقریب بڑی تعداد میں مردہ مچھلیاں ساحل پرآگئیں۔
متعلقہ حکام کا بتانا ہے کہ یہ مچھلیاں سمندر میں آلودگی کے باعث ہلاک ہوئی ہیں۔تکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان معظم خان کا بتانا ہے کہ شدید موسمی حالات، طغیانی اور تیز ہواؤں کے باعث سمندر کے کنارے پر ہل چل ہوتی ہے۔ اس کے باعث کراچی ہاربر پر تمر کے علاقے اور ساحلی علاقوں میں موجود سیڈیمنٹ سمندری پانی میں گھل مل کر اسے آلودہ کر رہا ہے جس سے مچھلیاں ہلاک ہورہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ساحل پر مردہ حالت میں پائی گئی مچھلیوں میں ایک قسم ملٹ ہے جسے مقامی طور پر بوئی کہا جاتا ہے جبکہ دوسری اسپاٹڈ سکیٹ ہے جسے مقامی لوگ سیریون کہتے ہیں۔ معظم خان کا کہنا تھا کہ مقامی ماہی گیر مردہ مچھلیوں کو پولٹری پلانٹس کو فروخت کرنے کے لیے جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ یہ مچھلیاں آلودگی کی وجہ سے مری ہیں اس لیے انہیں بطور غذا استعمال کرنا مضر صحت ہو سکتا ہے۔