وش ویب: الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے الاٹمنٹ سے انکار کے بعد خواتین کی اضافی نشستوں کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے انکار کے بعد کمیشن نے خواتین کی اضافی نشستوں کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے اور سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستوں کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی کیلیے پنجاب سے ترجیحی فہرست ختم ہو گئی ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے مزید 9 خواتین کے کاغذات نامزدگی کی فہرست ن لیگ سے طلب کر لی ہے اور ن لیگ سے دی گئی نئی ترجیحی فہرست کے مطابق امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے خواتین کیلیے مخصوص نشستوں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا جو شیڈول جاری کیا ہے اس کے مطابق ای سی کل پبلک نوٹس جاری کریگا، کاغذات نامزدگی وصولی کیلیے جوائنٹ الیکشن کمشنر پنجاب کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق امیدوار 8 سے 9 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 10 مارچ کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 12 مارچ تک مکمل ہوگی۔
14 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گے۔ 16 مارچ تک ایپلٹ ٹریبیونل اپیلوں پر فیصلے سنا دیں گے۔ 18 مارچ کو نظر ثانی شدہ فہرست جاری ہو گی جب کہ 19 مارچ کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 20 مارچ کو قومی اسمبلی میں ن لیگ کی خواتین کیلیے ترجیحی فہرست جاری کر دی جائے گی۔