وش ویب : محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں کیچ کے قریب گرج چمک کی نشاندہی کی ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی شدت کی گرج چمک ہے، کیچ اور اطراف کے علاقوں کے لوگ گرج چمک کے دوران محتاط رہیں۔
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل صبح سے ہفتے کی رات تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی کے چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ ملیر، ایئر پورٹ، گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن اور گڈاپ میں ژالہ باری ہوسکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کراچی میں ژالہ باری کا امکان 20 سے 30 فیصد ہے۔ شہر میں ٹھنڈی اور خشک ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی کے مضافات میں درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
ساتھ ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کردی۔ مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کل غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں،وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے جبکہ کل کراچی میں سرکاری اور نجی اداروں میں ہاف ڈے ڈیوٹی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک انتظامات بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔