کوئٹہ (بلال فیروز): کوئٹہ میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور پشتون خواہ نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام انتخابات میں بد ترین دھاندلی اور انتخابی نتائج میں ردو بدل کے خلاف بلوچستان اسمبلی چوک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے سے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قادر علی نائل نے خطاب کرتے ہوئے متنازعہ اور بھرپور دھاندلی زدہ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور کوئٹہ کے تمام شہری غیر منتخب، متنازعہ، چوروں کو کسی صورت عوامی نمائندہ قبول نہیں کرتے ہیں۔ ہم کسی صورت عوام کی رائے کی توہین کی اجازت نہیں دینگے۔ عوام کی رائے و جمہوریت پے شب خون مارنے کی تمام مذموم کوششیں عوامی طاقت سے ناکام بنائیں گے۔
ساتھ ہی ساتھ پشتون خواہ نیشنل عوامی پارٹی کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے اسمبلی سیشن کے دوران اپنا احتجاج جاری رکھا اور انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نامنظور ، مینڈیٹ کی چوری نامنظور جیسے نعرے لگائے گئے۔
بلوچستان اسمبلی کو چاروں اطراف سے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے بند کردیا گیا تھا اور پھر مظاہروں کے باعث کوئٹہ کا ٹریفک بھی شدید متاثر رہا ۔