وش ویب: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف نے تصدیق کی ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور احتجاج میں پیش کیے جانے والے پی ٹی آئی کے مطالبات بھی پیش کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو کارکنوں کی ویڈیو بنانے کی جو ہدایت دی ہے وہ اُن پر عدم اعتماد نہیں بلکہ یہ اُن کی کارکردگی جانچنے کیلئے ہے۔
اس حوالے سے بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت اپنے الفاظ میں کارکنوں اور رہنماؤں تک پہنچائی ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر 24 نومبر کو ڈی چوک پہنچ کر حکومت کو سرپرائز دیں گے۔
ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے مینڈیٹ کو واپس کرنا ہوگا، مطالبات کی منظوری تک واپسی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے راستے میں حائل رکاوٹیں ہٹانے کیلئے پورا بندوبست کیا گیا ہے، پہلے بھی رکاوٹیں عبور کر کے اسلام آباد پہنچے ہیں، اس بار بھی پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے علاوہ دیگر انٹیلیجنس اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔