وش ویب: پنجاب میں اسموگ اور شدید دھند کی وجہ سے مختلف ائیرپورٹس کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کی وجہ سے 5 پروازیں منسوخ، 4 کو متبادل ائیرپورٹس پر لینڈ کرایا گیا اور 55 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق موسمی خرابی سے سیالکوٹ کا فلائٹ آپریشن زیادہ متاثر ہے جہاں 3 غیرملکی پروازیں لینڈ نہ کر سکیں اور انہیں متبادل ائیرپورٹس پر اتارا گیا۔
شارجہ سے سیالکوٹ پہنچی پرواز کو اسلام آباد لینڈ کرایا گیا، سیالکوٹ سے شارجہ واپسی کی پرواز منسوخ کر دی گئی اور مسقط سے سیالکوٹ کی پرواز لاہور اتاری گئی۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ مسقط سے سیالکوٹ پہنچی پرواز پی ایف 737 کو بھی لاہور لینڈ کرایا گیا، جدہ سے 12 گھنٹے تاخیر سے لاہور روانہ ہوئی پرواز پی اے 471 کی اسلام آباد لینڈنگ ہوئی، کراچی اسلام آباد کی 5 پروازوں میں تاخیر ہوئی جبکہ لاہور کراچی کی 3 پروازوں میں 2 سے 5 گھنٹے تاخیر ہوئی۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق دبئی، استنبول، جدہ اور مدینہ سے کراچی کی پروازوں کی آمد و روانگی میں بھی تاخیر ہوئی، اسلام آباد ائیرپورٹ کی دبئی، دمام، شارجہ، القسیم، جدہ، دوحا اور کویت کی پروازوں میں تاخیر ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد سے ابو ظہبی، گلگت اور مسقط کی پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر رپورٹ ہوئی ہے، لاہور سے کوئٹہ، دمام، استنبول، القسیم اور دبئی کی پروازوں جبکہ پشاور سے شارجہ، ابوظہبی، دبئی اور مسقط کی پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سیالکوٹ سے دبئی کی 2 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہے، شارجہ سے فیصل آباد کی غیر ملکی ائیر لائن کی پروازوں کی آمد و روانگی میں 12 گھنٹے تاخیر ہوئی جبکہ ملتان سے دبئی کراچی کی پروازوں کی آمد روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔