وش ویب: وڈھ سول سوسائٹی اور وڈھ پولیس نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے وڈھ میں ایک اسٹیکر مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس مہم کا مقصد ان موٹر سائیکلوں، ٹریکٹروں، چنگچی رکشوں اور گاڑیوں کو محفوظ بنانا ہے جو بیک لائٹس کے بغیر چلتی ہیں، جس کے نتیجے میں اکثر رات کے وقت حادثات پیش آتے ہیں۔ سول سوسائٹی کی جانب سے ان گاڑیوں کے پیچھے ریفلیکٹیو اسٹیکرز لگائے جا رہے ہیں تاکہ رات کے وقت دوسرے ڈرائیوروں کو یہ گاڑیاں نظر آئیں اور حادثات سے بچا جا سکے۔
پولیس ایس ایچ او وڈھ یوسف چانڈیو اور لسبیلہ یونیورسٹی کے لیکچرار حافظ طارق جان کی قیادت میں نوجوانوں نے مہم کے پہلے دن تقریباً 800 گاڑیوں پر ریفلیکٹیو اسٹیکرز لگائے۔ اس اقدام کا مقصد حادثات کی تعداد کو کم کرنا اور لوگوں کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنانا ہے۔ وڈھ کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خود بھی اس اقدام کا حصہ بنیں اور اپنی گاڑیوں پر بیک لائٹ یا ریفلیکٹیو اسٹیکر لگائیں تاکہ دوسروں کو آسانی سے نظر آئیں اور ان کی حفاظت ممکن ہو سکے۔
ریفلیکٹیو اسٹیکرز کو لگانا ٹریفک حادثات کو روکنے کے لیے ایک مؤثر قدام ہے، کیونکہ اس سے رات کے وقت گاڑیوں کی نشاندہی آسان ہوتی ہے۔ اس مہم سے توقع ہے کہ مقامی لوگوں میں ٹریفک قوانین کی آگاہی بڑھے گی اور حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی عادت فروغ پائے گی۔ اس طرح کی کوششوں سے نہ صرف حادثات میں کمی آ سکتی ہے بلکہ یہ ٹریفک کے اصولوں کے بارے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔