وش ویب: ضلع چاغی کے مختلف علاقوں بشمول یونین کونسل پدگ، چلغازی، سرگیشہ اور دیگر قریبی علاقوں میں ملیریا تیزی سے پھیل رہا ہے، جس سے درجنوں افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ملیریا کی علامات جیسے بخار، سر درد اور جسم میں درد کی شکایت کرنے والے افراد میں اضافہ ہوا ہے۔ متاثرہ افراد کو ملیریا کی ادویات فراہم کی گئی ہیں، لیکن بخار کا ختم نہ ہونا اور دوبارہ ملیریا کا ٹیسٹ پازیٹو آنا شہریوں کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔
عوامی حلقوں اور مقامی نمائندوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹروں کی ٹیمیں روانہ کریں تاکہ متاثرہ افراد کا فوری علاج اور بہتر دیکھ بھال کی جا سکے۔ شہریوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ اگر جلدی اقدامات نہ کیے گئے تو ملیریا مزید پھیل سکتا ہے، جس سے علاقے میں صحت کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
یہ صورتحال صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا باعث ہے، اور شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کو اس بات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔