وش ویب: بلوچستان ہائی کورٹ نے سردیوں کے سیزن میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو صوبے میں گیس کی ترسیل 110 ملین کیوبک فٹ سے 220 ملین کیوبک فٹ تک بڑھانے کے احکامات جاری کر دئیے۔
گیس کے صرف 22 یونٹ پر 4 ہزار روپے کا بل بھیجنے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور پریشر کی بحالی سے متعلق سید نذیرآغا ایڈووکیٹ کی آئینی درخواست پر بلوچستان ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ بلوچستان کے 30 جون 2024 کے فیصلے میں بلوچستان کے صارفین کو بلوں میں ریلیف دیا گیا تھا جس پر سوئی گیس کمپنی کی جانب سے من و عن عمل درآمد نہیں کیا جارہا ، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ صارفین کو بھیجے گئے اضافی بلوں اور گیس لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ سردیوں میں صوبے میں عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے گیس کی ترسیل 110 ملین کیوبک فٹ سے بڑھا کر 220 ملین کیوبک فٹ کیا جائے تاکہ شہریوں کی شدید سردی کے موسم میں مشکلات کم ہو سکیں۔
سید نذیرآغا ایڈووکیٹ کی اس آئینی درخواست پرعدالت نے سوئی گیس حکام کو گیس کی ترسیل بڑھانے، اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا پابند کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔