وش ویب: کوئٹہ میں صفائی کا نظام نجی شعبے کے سپرد کرنے کے بعد پرائیویٹ کمپنی کے زیر انتظام علاقوں کے 90 فیصد عوام نے صفائی کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے.
پہلے مرحلے میں سیٹلائیٹ ٹاؤن اور بعد میں 20 یونین کونسل میں صفائی کا نظام سالڈ ویسٹ کمپنی کے سپرد کردیا گیا جہاں کامیابی کے ساتھ صفائی آپریشن جاری ہے ۔
بلوچستان سول سروسز اکیڈمی کی جانب سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی نجکاری پر تحقیق کی گئی ، اکیڈمی نے زمینی سروے کیا اور معاہدے کا جائزہ لیا، مالیات کا تجزیہ کیا اور زمینی کارکردگی کو بھی چیک کیا گیا .
یہ مطالعہ حکومت بلوچستان کے گریڈ 18کے 8 سینئر افسران نے کیا، ڈی جی بی سی ایس اے حفیظ جمالی اور ڈائریکٹر میڈم شبانہ نے تحقیق کی نگرانی کی۔ اب رپورٹ شائع ہو چکی ہے۔
سول سروسز اکیڈمی کی جانب سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی نجکاری کے نتائج کو بہترین قرار دینا کمشنر کوئٹہ اور سی ای او بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل کاکڑ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ جبکہ 90 فیصد شہریوں نے اس منصوبے سے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ اگلے ہفتے وزیر اعلیٰ کو پیش کی جائے گی۔
اس منصوبے کی دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام گھوسٹ ملازمین، جعلی بل اور گاڑیوں کی بے قاعدہ مرمت اور دیکھ بھال روک دی گئی ہے۔ اس رپورٹ نے بہت سے لوگوں کو پریشان کر دیا ہے جو اب جعلی خبریں پھیلا رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سسٹم پرانے نظام کی طرف لوٹ آئے جس نے کوئٹہ کو پچھلے 10 سالوں میں تباہ کر دیا ہے۔
ریسرچ گروپ نے سفارش کی ہے کہ حکومت شہر میں شہری رویے کو تبدیل کرنے کے لیے تعاون فراہم کرے اور ایک تعلیمی اور آگاہی پروگرام شروع کرے۔