وش ویب: انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا مزید 7 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں پیش کیا گیا۔ اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پرسماعت کی۔
پولیس کی جانب سے اعظم سواتی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے اعظم سواتی کا مزید 7 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
اعظم سواتی پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت تھانہ ٹیکسلا میں مقدمہ درج ہے۔
اعظم سواتی پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اعظم سواتی کو عدالت سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا، سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کو اٹک جیل سے رہا ہوتے ہی پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا تھا۔