وش ویب: کوئٹہ کرائم برانچ پولیس نے گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے والے بین الصوبائی گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے گیراج سے چوری شدہ گاڑیوں کے اسپیر پارٹس قبضہ میں لے لیئے جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں.
کرائم پولیس کے مطابق ایس ایس پی کرائم برانچ خورشید بلوچ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ گاڑیاں چوری اور چھیننے والے بین الصوبائی گروہ کا سرغنہ منظور احمد سریاب روڈ پر واقع اپنے گیراج میں موجود ہے جس پر ڈی ایس پی محمد رحیم اچکزئی، ایس ایچ او محمد شہباز ہاشمی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی جس نے گزشتہ روز سریاب روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے گیراج میں موجود ایک درجن سے زائد گاڑیوں کے اسپیر پارٹس اور باڈیز برآمد کرکے قبضہ میں لے لی.
پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم نے ڈیڑھ سال قبل ایک وکیل کی گاڑی کراچی سے چوری کی تھی جسے قلعہ سیف اللہ کے ایک شوروم سے برآمد کیا گیا . جبکہ یہ گروہ گاڑیاں چوری کرنے کے بعد گیراج میں گاڑیوں کے انجن اور باڈیز دوسری گاڑیوں میں منتقل کرنے کام بھی کرتا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے درجنوں گاڑیاں چوری کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے گروہ کے دیگر افراد کی بھی نشاندہی کی ہے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔