وش ویب: کوئٹہ میں واسا ملازمین کی ہڑتال آج تیسرے روز بھی جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی سپلائی معطل ہے اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے بھی فی ٹینکر کے ریٹ میں 500 روپے تک کا اضافہ کردیا ہے.
جبکہ واسا ملازمین نے پانی کی سپلائی ایڈہاک الاؤنس میں 25 فیصد اضافے سے مشروط کرتے ہوئے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
واسا ملازمین یونین کے عہدیداران نے وش نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے تناسب کو دیکھتے ہوئے پورے بلوچستان کے ملازمین کو 25 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا گیا ہے مگر واسا ملازمین تاحال اس سے محروم ہیں.
دوسری جانب ایم ڈی واسا نے وش نیوز کو بتایا کہ عوام کی جانب سے بلوں کی عدم ادائیگی اور پذیرائی نہ ملنے کے سبب محکمہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس صورت حال میں انتظامیہ کی دھمکی بھی کام نہ آسکی اور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں واسا ملازمین کو ہڑتال ختم کرنے کی ہدایت کے باوجود ملازمین پر انتظامیہ کی دھمکی کا کوئی اثر نہ ہوسکا۔
کوئٹہ کے شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ واسا ملازمین کے جائز مطالبات منظور کر کے ہڑتال جلد از جلد ختم کروائی جائے اور شہریوں کو پانی کی سپلائی شروع کی جائے۔