وش ویب: اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے سینئر رہنما عزالدین قصاب کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیت لاہیہ میں اسرائیلی فوج نے اپنی جارحیت کو جاری رکھا ہوا ہے جہاں بمباری کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے نصیرت کیمپ کے اطراف بھی ٹینکوں سے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 26 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ اسرائیل نے حماس کے سینئر رہنما عزالدین قصاب کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب لبنان کے مختلف حصوں پر اسرائیل کی بمباری سے 52 افراد شہید اور 72 افراد زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ غزہ جنگ شروع ہونے سے اب تک اسرائیلی فوج کے 778 افسران اور اہلکار مارے جا چکے ہیں جس کی اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں حماس سے جھڑپوں میں 366 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے، اسرائیل اور لبنان سے حملوں میں 62 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے جب کہ غزہ میں 58 اسرائیلی پولیس افسران بھی ہلاک ہوئے۔