وش ویب: فلسطین کی پٹی غزہ اور پڑوسی ملک لبنان میں حماس اور حزب اللہ سے جاری جھڑپوں میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق فوج نے اپنے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی کہ شمالی غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران چار اسرائیلی فوجی ہلاک اور ایک افسر شدید زخمی ہو گیا۔ ہلاک شدگان میں ایک کیپٹن اور 3 اسٹاف سارجنٹ شامل ہیں۔
ان سب کا تعلق ایلیٹ ملٹی ڈومین یونٹ، سے تھا جسے “گھوسٹ یونٹ” بھی کہا جاتا ہے۔
گھوسٹ یونٹ دراصل اسرائیل فوج کی اسپیشل آپریشنز ٹاسک فورس کو کہا جاتا ہے جس کے سپاہی زمینی، فضائی اور انٹیلی جنس سمیت ہر طرح کی جنگ میں مہارت رکھتے ہیں۔ اس لیے اس یونٹ کے فوجیوں کی ہلاکت اسرائیل کےلیے بڑے صدمے کا باعث بنتی ہے۔
غزہ میں جاری جنگ میں اسرائیلی گھوسٹ یونٹ کے اہلکاروں کے خلاف بیلجیئم کی ایک عدالت جنگی جرائم کی تحقیقات بھی کررہی ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے ایک اور اعلان کیا کہ جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران شدید زخمی ہونے والا ایک اسرائیلی ریزرو فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
ماسٹر سارجنٹ میوو ہورون کا تعلق پیراٹروپرز بریگیڈ سے تھا جو لڑائی میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اسے علاج کےلیے اسرائیلی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔