وش ویب: ڈیفنس اے کے علاقے ڈبل ایف بلاک میں ڈاکو گھر سے ایک کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی گھڑیاں لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے مبشر احمد کی مدعیت میں واردات کا مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق 5 ڈاکو شہری مبشر احمد کے گھر داخل ہوئے اور اہل خانہ کو اسلحے کی نوک پر یرغمال بنایا۔
ڈاکوؤں نے گھر سے 87 لاکھ روپے مالیت کا 35 تولے سونا، ساڑھے 14 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی گھڑیاں اور ساڑھے تین لاکھ روپے کی نقدی لوٹی۔
واردات کے بعد ڈیفنس اے پولیس اور فرانزک ٹیم فوری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کیے، ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے گرد و نواح میں ٹریس کیا جا رہا ہے۔
ایس پی کینٹ اویس شفیق کا کہنا تھا کہ متاثرہ شہری مبشر احمد کی مدعیت میں 5 نامعلوم ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا گیا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ایس پی کینٹ نے اے ایس پی ڈیفنس کو ملزمان ٹریس کر کے فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔