وش ویب: کوئٹہ پریس کلب میں کویٹہ سولر مخالف زمیندار اتحاد کمیٹی کے عہدیداران نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمن زمیندار اتحاد کمیٹی افضل کاکڑ نے کہا کہ سولر مخالف زمیندار اتحاد کمیٹی solarization سے متعلق کچھ تحفظات رکھتے ہیں اور یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ زمیندار ایکشن کمیٹی تمام زمینداروں کی نمائندہ تنظیم نہیں ہے اور نہ ہی وہ حکومت کے ساتھ ہمارے بارے میں فیصلے کرنے کا اختیار رکھتی ہے ۔ ہم سولرائزیشن سے متعلق، حکومت کے ساتھ ان کا معاہدہ مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹیوب ویلوں کا واٹر لیول بہت گہرائی میں چلا گیا ہے اور ہم زمیندار ،زیر زمین 1000 فٹ سے پانی نکال کر اپنے باغات اور فصلات کو سیراب کرتے ہیں جو کہ سولر کے ذریعے سے نکالنا ناممکن ہے کیونکہ سولر ساری رات بند رہتا ہے اور اگر آسمان پر بادل ہوں تو سولر سارا دن بھی بند رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور مضافات کے زمیندار کیسکو کو باقاعدگی سے ہر ماہ بجلی کا بل ادا کرتے ہیں لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ کوئٹہ سے باہر جہاں پر واٹر لیول زمینی سطح سے نزدیک ہے اور جہاں سولر کار آمد ہے وہاں کے ٹیوب ویلوں کو بے شک سولر سسٹم پر منتقل کردیا جائے جس کی ہم مخالفت نہیں کرتے۔
مگر ہم وز یر اعلی بلوچستان، سیکرٹری توانائی ڈویژن اور کیسکو چیف سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر منتقلی سے مثتسنی کیا جائے اور بجلی کے فلیٹ ریٹ کو برقرار رکھا جائے ۔بصورت دیگر ہم اپنے بچوں کے ساتھ سڑکوں پر نکل کر احتجاج ریکارڈ کرائینگے جس سے عوام کو تکلیف ہوگی۔