وش ویب: ایف بی آر نے دیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے نام فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تاہم انہیں سرچارج ادا کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نوٹی فکیشن میں ایف بی آر نے کہا ہے کہ نئے ٹیکس سال کے لیے مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ تک گوشوارے جمع کروانے والے افراد کے نام فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل کیے جائیں گے، دیر سے جمع ہونے والے گوشواروں پر سرچارج کی شرط عائد کی گئی ہے انہیں فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے سرچارج ادا کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے سیکشن 182اے کے تحت یہ سرچارج لاگو ہوگا، نئی قائم ہونے والی کمپنیاں اور کاروباری ادارے، جن کا گوشوارہ 30 جون کے بعد جمع کرانے کی تاریخ نہیں آئی، ان کے نام فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل کیے جائیں گے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ریونیو بورڈ میں گوشوارے جمع کرانے والے افراد کے نام بھی فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل کیے جائیں گے۔