وش ویب: بلوچستان کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات مرحوم سردار سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی ، کابینہ نے اقلیتی رکن پیٹرک سینٹ مسیح کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پارلیمانی و سماجی خدمات کو سراہا گیا۔ کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جس میں ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے فارسٹ سے متعلق اہم قوانین کی تشکیل اور ضروری ضابطہ کار کی منظوری دی گئی پانی کے دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کے لئے کابینہ نے بلوچستان اینٹی گریٹڈ واٹر ریسورسز پالیسی کی منظوری دی یہ پالیسی بلوچستان میں دستیاب آبی وسائل کے منظم اور کارگر استعمال کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
بلوچستان کابینہ نے مضر صحت زرعی پیداوار کے لئے عالمی ترقیاتی اہداف کی ترجیحات کے مطابق بلوچستان آرگینک ایگریکلچر پالیسی 2024 کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعلٰی بلوچستان نے اجلاس میں اس پالیسی سے متعلق عوام الناس میں شعوری آگاہی بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا بلوچستان کابینہ نے پروانشنل موٹر وھیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی بھی منظوری دی جبکہ صوبے میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم پروگرام کو جاری رکھنے کے لئے صوبائی شراکت داری کے لئے مطلوب فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی صحت عامہ کے اس اشتراکی پروگرام سے بلوچستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات کو منظم اور موثر بنایا جاسکے گا بلوچستان کابینہ نے کوئٹہ میں امراض اطفال اور امراض قلب کے جدید ترین اداروں کے قیام، بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ اور شیخ خلیفہ بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے یہ کمیٹی سندھ کی طرز پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جدید طبی اداروں کے قیام کے لئے جامع سفارشات اور تجاویز مرتب کرے گی بلوچستان کابینہ نے مقامی سطح کے تنازعات کے حل کیلئے بلوچستان ہائی کورٹ کی رہنماء ہدایات کی روشنی میں بلوچستان الٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن ترمیمی بل 2024 کی بھی منظوری دی ہے.
بلوچستان کابینہ نے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل سوشل میڈیا پالیسی کی منظوری بھی دی اس پالیسی میں سوشل میڈیا سے متعلق جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا اور سوشل میڈیا کے مثبت پہلوؤں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی بلوچستان کابینہ نے رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کو فعال کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے اور ضروری تقرری اور ایکٹ میں ضروری و مناسب ترمیم کی منظوری دی یہ کمیشن فعال ہونے سے شہریوں کو اطلاعات تک رسائی کے قوانین کے تحت قابل رسائی دستاویزات تک رسائی حاصل ہوگی صوبائی کابینہ نے بلوچستان پروبی ایشن اینڈ پیرول سروس ڈرافٹ بل 2024 کی منظوری بھی دی ہے.
کابینہ نے حب ماسٹر پلان کی بھی اصولی منظوری دیتے ہوئے حتمی تخمینے سے متعلق جائزہ لیکر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر قیادت صوبے میں عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے قیام کے لئے نیک نیتی اور بھرپور محنت سے کام کیا جائے گا کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مفاد عامہ سے متعلق روز اول اپنی جن ترجیحات کا تعین کیا تھا اس پر گامزن ہیں ، دہائیوں کے مسائل مہینوں میں حل کرنا ممکن نہیں تاہم یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ہماری سمت درست ہونی چاہئے، راستہ طویل ضرور ہوسکتا ہے تاہم سمت کی درستگی کا تعین ضروری ہے وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے تمام کابینہ اراکین کو اپنے اپنےحلقوں اور اندرون بلوچستان کا دورہ کرکے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے