وش ویب: پاکستان میں رواں سال پولیو کے 39 کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ کیسز بلوچستان سے رپورٹ ہوے۔
محکمۂ صحت بلوچستان کے مطابق صوبے میں اب تک 20 پولیو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں کوئٹہ سے 3، قلعہ عبداللّٰہ سے 6، چمن، پشین اور ژوب سے 2،2 پولیو کے کیس رپورٹ ہوئے، جبکہ ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، قلعہ سیف اللّٰہ، خاران اور نوشکی سے پولیو کا 1،1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔
بلوچستان میں رواں سال پولیو وائرس سے متاثرہ 3 بچے بھی انتقال کرچکے ہیں۔
ایمرجینسی آپریشن سینٹر کے حکّام کے مطابق بلوچستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ تشویش ناک ہے، انسدادِ پولیو قطرے پلانے سے انکاری والدین اور سیکیورٹی ہمارے لیےچیلنج ہیں۔
حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ بلوچستان میں 28 اکتوبر سے انسدادِ پولیو کی7 روزہ مہم چلائی جائے گی، اس مہم کے دوران 26 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔