وش ویب: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری رات گئے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک گھنٹے تک ملاقات جاری رہی، ملاقات کے دوران نوید قمر اور مرتضیٰ وہاب بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان آئینی ترامیم کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے بعد بلاول بھٹو مولانا فضل الرحمان کے گھر سے روانہ ہوگئے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نوید قمر نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔
اس کے علاوہ بیرسٹرگوہر، حامد خان اور بیرسٹرعلی ظفر پر مشتمل پی ٹی آئی کا وفد بھی مولانا کے گھر پہنچا تھا۔
حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترامیم پر مشاورت کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خورشید شاہ کی زیرصدارت پارلیمان کی خصوصی کمیٹی نے آئینی مسودہ متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ مسودے کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے، پی ٹی آئی بھی اجلاس میں موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ جو ڈرافٹ سامنے رکھا گیا پوائنٹ ٹو پوائنٹ اس پر سارے متفق ہوئے، بل پر دستخط کسی کے نہیں ہوئے،کمیٹی میں پیش کیا گیا اور کمیٹی میں سب نے ہاتھ اٹھا کر متفقہ طور پر منظورکیا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ خصوصی کمیٹی سے منظور شدہ مسودہ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔