وش ویب: وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں میں ایک مریض ایک شناختی نمبر پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مریض کے تمام ٹیسٹ اور تشخیص اسی آئی ڈی سے منسلک ہوں گے۔
وزارت قومی صحت کے مطابق اسلام آباد کے چاروں اسپتالوں میں آنے والے ہر مریض کی منفرد آئی ڈی ہوگی۔ پرائمری اور سیکنڈری اسپتالوں میں انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ مریضوں کے تمام معائنوں کی تاریخ ،ٹیسٹ اور ادویات کا ریکارڈ بھی ڈیجیٹائز ہوگا۔
ابتدائی طور پر منصوبہ پمز اسپتال میں شروع ہوگا، جس کیلئے اسی فیصد کام مکمل ہوچکا۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت مختار بھرتھ کہتے ہیں وفاقی اسپتالوں میں انفراسٹرکچر اور ہارڈ ویئر بھی اپ گریڈ کرنے ہیں۔
مریضوں کو بار بار ٹیسٹ یا طریقہ کار سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ڈاکٹر کو مریض کے پرانے طبی ریکارڈ تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔