وش ویب: پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں 8 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، راولپنڈی میں دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کو محفوظ بنانا ہے۔
راولپنڈی میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج پر پابندی ہے، راولپنڈی کی حدود میں ڈبل سواری اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد ہے۔
راولپنڈی میں دفعہ 144 کے تحت کبوتر بازی، ڈرون اڑانے، لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی ہے، دفعہ 144 کا نفاذ 10 تا 17 اکتوبر تک کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس 15اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہو گا۔