وش ویب: تحریک انصاف کے آج ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے بیشتر داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔موٹر وے ایم ون پر اسلام آباد سے انٹری اور ایگزٹ کو بھی بند کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل رہے گی جبکہ جڑواں شہروں میں آج نجی تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔اسلام آباد میں ریڈ زون کے داخلی راستوں کو بھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد، سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی ڈبل روڈ، مارگلہ روڈ بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئی۔مری روڈ سمیت اسلام آباد ایکسپریس وے سنگجانی، سیکٹر جی الیون چوک، گولڑہ موڑ، 26 نمبر چونگی بند جبکہ ٹیکسلا کے مقام پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، 4 ہزار اہلکار و افسران تعینات کیے جائیں گے جبکہ راولپنڈی میں آج میٹرو بس سروس معطل رہے گی۔
میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی صدر سے آئی جے پی روڈ تک بس سروس معطل رہے گی، جبکہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس بحال رہے گی۔آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد نے ایک بیان میں کہا کہ آج اسلام آباد میں سیاسی جماعت کی طرف سے ممکنہ احتجاج کے باعث راولپنڈی سٹی میں تمام نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔اسلام آباد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے بھی آج اسلام آباد میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جنرل سیکرٹری پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن وحید خان نے ایک بیان میں کہا کہ بچوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ گزشتہ روز بھی اسکول کے طلبا و طالبات کنٹینرز کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہے۔