وش ویب : ملائیشین وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے، جس میں دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملائیشین وزیراعظم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی ہے۔