وش ویب: کوئٹہ میں پیر کی شب وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شیخ محمد بن زید النہیان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔
وزیر اعلی نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی اسپتال میں زیر علاج ڈاکٹر محمد حیات بگٹی، سابق ڈپٹی کمشنر کمیل علی ہزارہ اور ڈائریکٹر لیبر مشتاق جعفر سمیت دیگر مریضوں کی عیادت، ان کی صحت یابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انسٹیٹیوٹ انتظامیہ نے وزیر اعلٰی بلوچستان کو اسپتال کے مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ شیخ محمد بن زید النہیان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بہترین طبی سہولیات فراہم کررہا ہے، اسپتال کو این آئی سی وی ڈی سندھ کی طرز پر امراض قلب کا مثالی ادارہ بنائیں گے تاکہ بلوچستان کے عوام کو امراض قلب کی معیاری سہولیات مقامی سطح پر میسر آسکیں۔
وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بلوچستان کا اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنائیں گے اور اس کے لئے جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر صحت کو انسٹیٹیوٹ کا دورہ کرکے مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔