وش ویب: پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو حراست میں لے لیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے سیکٹر ایچ 13 کے قریب بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کی گاڑی کو روکا، پولیس بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو وین میں ڈال کر لے گئی۔
دوسری جانب راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے شیلنگ کی اور کئی پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کر لیا۔
بعد ازاں پولیس نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو چھوڑ دیا، دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو راولپنڈی جانے سے روک دیا گیا۔
بیرسٹر گوہر نے اس حوالے سے بتایا کہ ہمیں کچھ دیر حراست میں رکھنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج راولپنڈی میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ راولپنڈی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے جس کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا سے راولپنڈی آنے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔