وش ویب: تربت پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب تربت پریس کلب میں منعقد ہوئی.
تقریب میں میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیرقاضی نے تربت پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا ریاست کا انتہائی اہم ستون ہے موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت مزید بڑھ چکی ہے کیونکہ میڈیا اب پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے نکل کر سوشل میڈیا کے دورمیں داخل ہوچکی ہے اب ہرشخص کی میڈیا تک اپروچ ہے تاہم جو اپروچ ایک صحافی اورمیڈیا پرسن کی ہوتی ہے وہ خصوصی اہمیت رکھتی ہے، رائے عامہ بنانے میں صحافی اورمیڈیا پرسن کا اہم رول ہوتا ہے اگر پریس مثبت رول اداکرے تو سماج پر مثبت اثرات پڑیں گے اور سماج مثبت سمت میں آگے بڑھے گی اگر میڈیا کا رول منفی ہو تو یقینا اس کے منفی اثرات سماج کی تنزلی کا باعث بنیں گے۔
میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیرقاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی اورکہاکہ ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ ساتھ میڈیا میں بھی جدت آئی ہے اس لئے صحافی برادری خود کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مقامی سطح پر جدید سوشل میڈیا تکنیک اورٹولزکو اپناتے ہوئے علاقائی ایشوز، کاروباری، سیاسی، انتظامی ودیگر معاملات پر بلاگز اور ٹاک شوز کریں،گوکہ موجودہ دور میں صحافتی میدان میں کافی بندشیں اور رکاوٹیں موجود ہیں تاہم صحافی مشکلات وچیلنجز کا حکمت کے ساتھ سامنا کرتے ہوئے علاقائی سطح پر عوامی و سماجی ایشوز پر مثبت اورتعمیری رپورٹنگ کے ذریعے سماج کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیتا ہے۔
تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی نے آخر میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ اداکیا ۔ انہوں نے کہاکہ تربت پریس کلب کی تنظیمی بنیاد 90ءکی دہائی میں رکھی گئی اور مرحوم واجہ ملا احمد دشتی اس کے پہلے صدر تھے، جبکہ پریس کلب کی موجودہ عمارت 2001ءمیں تعمیر کی گئی جو پریس کلب کے لیے بہت چھوٹی ہے اس سلسلے میں حلقہ کے ایم پی اے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے رواں مالی سال کے بجٹ میں 3 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بجٹ میں مزید فنڈز مختص کرائی جائے گی۔