وش ویب: قائمہ کمیٹی برائے ایس اینڈ جی اے ڈی و قانون کے چیئر مین سید ظفر علی آغا کی زیر صدارت پیر کو دونوں محکموں کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے ۔
ممبران میر جہانزیب مینگل اور شاہدہ روف نے شرکت کی ۔ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ساتھ پہلے اجلاس میں محکمے نے کمیٹی کو محکمے کے کام، کردار اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی، رکن شاہدہ روف نے پارلیمانی سیکرٹری کے کردار کے بارے میں استفسار کیا محکمہ نے واضح کیا کہ پارلیمانی سیکرٹری وزیر اعلی کی معاونت کرتے ہیں اور وزیر اعلی کی غیر موجودگی میں اسمبلی میں سوالات کے جوابات دیتے ہیں ۔
اجلاس میں محکمہ کی جانب سے در پیش چیلنجوں کو اجاگر کیا گیا کہ بھرتی میں تاخیر کی وجہ سے بی پی ایس 1 سے 15 تک 35 % خالی آسامیاں ہیں ڈپٹی کمشنر کے عہدوں کے لیے افسران زیادہ کوشش کرتے ہیں ، پی اے ایس افسران کی کمی، خاص طور پر بی پی ایس 19 اور اس سے اوپر میں کمی کا سامنا ہے، بار بار ٹرانسفر پوسٹنگ اچھی طرز حکمرانی کو متاثر کرتی ہے اسی طرح گاڑیوں کی دیکھ بھال، الاٹمنٹ، اور ریکوری کے مسائل ہیں ، موجودہ عمارت میں ناکافی جگہ اور افسران کے لیے رہائش کی سہولت کا فقدان ہے جبکہ ریکارڈ رکھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی بھی میسر نہیں ہے ، کمیٹی نے وزیر اعلی سے بریفنگ کی درخواست کی اور اجلاس میں مدعو کرنے کو کہا۔
ممبران نے محکمے سے اپنی ذاتی شکایات اور مسائل کو اسمبلی فلور پر اٹھانے کا وعدہ کرتے ہوئے انہیں شیئر کرنے کو بھی کہا مزید بر آن، کمیٹی نے افسران کو الاٹ کی گئی گاڑیوں کی فہرست اور اسٹنٹ کمشنرز کی پوسٹنگ کی تفصیلات مانگیں ۔