وش ویب: پاکستان اور نیدرلینڈز نے انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے باہمی تعاون بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی وریس نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، مختلف شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر داخلہ نے نیدرلینڈز کی نئی حکومت اور اپنی ہم منصب کو مبارکباد بھی پیش کی۔ملاقات کے دوران انسانی سمگلنگ کو روکنے کیلئے باہمی تعاون بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیدرلینڈز کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں، انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے دو طرفہ اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے، انسانی سمگلرز بہت بڑا مافیا ہے، کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا۔
مشترکہ اقدامات ہی انسانی سمگلنگ کے خلاف کارگر ہو سکتے ہیں، اس ضمن میں اطالوی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ملاقات کے دوران افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین کرکٹ روابط بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈز کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کا پلان تیار کر رہے ہیں۔
سفیر نیدرلینڈز کا کہنا تھا کہ کھیل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کرکٹ میں تعاون کے فروغ سے نیدرلینڈز کی ٹیم کو پاکستان کے تجربے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔