وش ویب: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعرات کو تربت کا ایک روزہ دورہ کیا جبکہ کمشنر مکران داؤد خلجی ، ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل اِبراھیم، ایس ایس پی کیچ ضیاء مندوخیل، اے ڈی سی خلیل مراد اور دیگر حکام نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا تربت ایئرپورٹ پہنچنے پرانکا استقبال کیا.
وزیر اعلٰی بلوچستان کے ہمراہ صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، بخت محمد کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری مینا مجید، ایم این اے حاجی ملک شاہ گورگیج، چیف سیکریٹری بلوچستان، ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ یاسر اقبال اور دیگر تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر پنجگور شہید ذاکر بلوچ کے والد کنر (kannar) بلوچ سے انکے بیٹے کی شہادت پر فاتحہ خوانی اور تعزیت کیا۔ شہید ذاکر بلوچ کے والد کنر بلوچ کے علاوہ قریبی عزیز پرووائس چانسلر تربت ڈاکٹر منصور احمد بلوچ ،انکے والد علی محمد شاہل (Shahal) سید مجید شاہ ایڈووکیٹ، خزانہ آفیسر صدام بلوچ دیگر عزیز واقارب، حاجی رستم بزنجو سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید ذاکر بلوچ کے بلند درجات کے لیے دعا کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت نوجوان افسر تھے، شہید ذاکر بلوچ کی قربانی وطن کے لیے مشعل راہ ہے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہید کا خوں کبھی رائیگاں نہیں ہوتا، ملک و قوم کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ ذاکر بلوچ کا خون سرزمین بلوچستان اور یہاں کے لوگوں کی خدمت اور تحفظ کے لئے بہا ہے۔ شہید کے پسماندگان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ذاکر بلوچ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔ تعزیت کے موقع پر ایف سی حکام بھی موجود تھے.