وش ویب: وادیٔ تیراہ میں خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید کو آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔شہید کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور شہداء کے لواحقین شریک ہوئے۔نمازِ جنازہ اور تدفین میں عمائدینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔واضح رہے کہ 9 اگست کو خوارجیوں سے مقابلے میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک گزشتہ روز شہید ہو گئے۔لیفٹیننٹ عزیر محمود شہید کا تعلق اٹک سے تھا، وہ سی ایم ایچ پشاور میں زیرِ علاج تھے۔خوارجیوں سے وادیٔ تیراہ میں مقابلے میں 4 خوارجی مارے گئے تھے جبکہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک زخمی ہوئے تھے۔