وش ویب: وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جشن آزادی کی تقریبات کے انعقاد سے متعلق اجلاس منعقد ہوا.
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، سیکرٹریز حکومت بلوچستان اور پولیس حکام نے شرکت کی. حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں جشن آزادی کی تقاریب جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا.وزیر اعلٰی بلوچستان کا اجلاس میں کہنا تھا کہ صوبے کے تمام ڈویژنز، اضلاع میں جشن آزادی جوش و خروش سے منائی جائے گی.بلوچستان کے لوگ محب وطن ، ملک سے پیار کرنے والے ہیں .14 اگست ہمارے دلوں کے قریب ہے .اس دن کو جوش و خروش سے منا کر پوری دنیا کو پیغام دیں گے کہ بلوچستان کے ہر فرد کے دل میں پاکستان کی محبت ہے.جشن آزادی کی خوشیوں میں ہر فرد شامل ہوکر سوشل میڈیا کے جھوٹے بیانے کو ملیا میٹ کردے گا.جشن آزادی کے موقع پر وطن عزیز پر جان نچھاور کرنے والے ہیروز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا.
میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں رہتی دنیا تک نہیں بھولیں گے .جشن آزادی کے موقع پر شہداء کی فیملیز کو تمام تقاریب میں کلیدی حیثیت میں مدعو کیا جائے گا.تقاریب میں شہداء کے پسماندگان مہمان خاص ہوں گے.شہید پروفیسر ناظمہ طالب سمیت دہشت گردی کا شکار تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں.جشن آزادی کے موقع پر پورے ملک سے کھلاڑیوں کو بلوچستان مدعو کریں گے.قومی سلامتی پر بلوچستان کے لوگوں اور ریاست کے درمیان کوئی خلیج نہیں ہے. وزیر اعلٰی بلوچستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اتحاد و یگانگت اور یکجہتی سے سوشل میڈیا کے بے بنیاد پروپیگنڈوں کو دفن کردیا جائے گا.جشن آزادی کی تقاریب کو عالمی ، قومی اور مقامی میڈیا میں بھرپور کوریج دی جائے.قومی جذبہ حب الوطنی سے منائی جانے والی تقاریب میڈیا آؤٹ لیٹس میں ٹاپ ٹرینڈ ہوں گی.