وش ویب: معاشی درجہ بندی کے ادارے فچ نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت 18 ماہ تک برقرار رہے گی۔
پاکستان سے متعلق رپورٹ میں فچ نے پیشگوئی کی کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مستقبل قریب میں زیر حراست ہی رہیں گے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی معیشت کےلیے بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ معاشی رسک ہے، رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوسکتی ہے۔فچ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومت پاکستان نے بجٹ میں مشکل ترین معاشی اہداف مقرر کیے ہیں، حکومت مالیاتی خسارہ 7 اعشاریہ 4 سے کم کر کے 6 اعشاریہ 7 فیصد پر لانا چاہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے شرح سود میں کمی کی توقع ہے، شرح سود 14 فیصد تک لائی جاسکتی ہے۔عالمی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان کے مشکل معاشی فیصلے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) کے ساتھ پروگرام کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔فچ رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر ساری معاشی اصلاحات کرے گی، موجودہ حکومت ختم ہوئی تو پاکستان میں ٹیکنو کریٹ کی حکومت آئے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کے فروری کے الیکشن میں آزاد امیدواروں کو بڑی کامیابی ملی، جیتے والے آزاد امیدوار کو جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی۔فچ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کے شہروں میں مظاہرے معاشی سرگرمیاں متاثر کر سکتے ہیں، پاکستان کی زراعت کےلیے سیلاب اور خشک سالی معاشی رسک ہے۔