وش ویب: صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنی آبادی میں اضافے پر قابو پانے میں چیلنجز کا سامنا ہے۔
عالمی یوم آبادی کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ 2023ء کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی 2.55 فیصد کی بلند شرح سے بڑھ رہی ہے، ہماری آبادی 2030ء تک 263 ملین اور 2050ء تک 383ملین تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان متحرک قوت ہیں، وہ قوم کو خوشحالی کی طرف لے جانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی معیاری تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع تک رسائی بڑھانا ہوگی، وسائل اور آبادی کے حجم میں عدم توازن سے مواقع تک رسائی متاثر ہوتی ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ آزادی کے وقت پانی کی فراوانی تھی،اب بڑھتی آبادی کے باعث پانی کی کمی کاسامنا ہے، بڑھتی آبادی کی وجہ سے زرعی اراضی کو رہائشی علاقوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تیزی سے بڑھتی آبادی کے سماجی اور اقتصادی ترقی پر اثرات کو سمجھنا ہوگا، تمام اسٹیک ہولڈرز بڑھتی آبادی کے چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون کریں، خاندانی منصوبہ بندی کے لیے ڈیٹا کی دستیابی اہم ہے، ڈیٹا کی مدد سے باخبر فیصلہ سازی اور مؤثر پالیسی بنانا ممکن ہو گا۔