وش ویب :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ صحت میں ہنگامی طبی خدمات کی بہتری سے متعلق جائزہ اجلاس، سیکرٹری صحت اور اسپیشل سیکرٹری صحت بلوچستان کی اجلاس کو بریفنگ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے شمالی اور جنوبی اطراف میں دو جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹراما سینٹر قائم کرنے کا حکم۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات اور محکمہ صحت کے حکام مناسب مقام کی نشاندہی کریں۔ دونوں نئے ٹراما سینٹرز کے منصوبوں کو جلد قابل عمل بنایا جائے۔
خضدار اور ژوب کے ٹراما سینٹرز کو آﺅٹ سورس کرکے طبی خدمات کی فراہمی جلد شروع کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی طبی سروسز کو بہتر بناکر قیمتی انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ ہائیویز پر قائم ریسکیو سینٹرز کو ٹراما سینٹر سے مربوط کیا جائے۔ سول سنڈیمن اسپتال میں قائم ٹراما سینٹر کی مناسب متبادل جگہ منتقلی کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کی جائے۔