وش ویب:انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) میں روائل چیلنجرز بنگلور کے بیٹر ویرات کوہلی کو امپائر سے بحث کرنا مہنگا پڑگیا۔
روائل چیلنجرز بنگلورو کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی پر اتوار کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف آئی پی ایل میچ کے دوران امپائر سے بحث کرنے کے بعد ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
میچ ریفری کے مطابق کوہلی آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کے تحت لیول 1کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
کوہلی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کا فیصلہ قبول کرلیا۔
دراصل یہ تنازع کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف بنگلور کی اننگز کے تیسرے اوور کے دوران ہوا جب کوہلی ہرشیت رانا کی فل ٹاس گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کوہلی کا خیال تھا کہ یہ گیند ان کی کمر سے اوپر ہونے کی وجہ سے نوبال ہے اس لیے انہوں نے نوبال کے لیے ری ویو لیا۔
تاہم تھرڈ امپائر کی جانب سے انہیں آؤٹ قرار دیا گیا کیوں کہ وہ گیند کھیلتے وقت کریز سے باہر موجود تھے اس لیے یہ قانون کے مطابق نوبال قرار نہیں دی جاسکتی۔