وش ویب : ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ ۔ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کی قرار داد کو امریکا کی جانب سے ویٹو کرنے پرافسوس ہے، عالمی قوانین کی پاسداری کے بجائے اسرائیل سرعام خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہم مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں ، ہم غزہ میں سیز فائر چاہتے ہیں ، مسئلہ فلسطین پرپاکستان نے فعال کردار ادا کیا ہے، غزہ اور فلسطین کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، فلسطین میں ہونے والی تباہی کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہاکہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل تک حمایت جاری رکھیں گے۔
ممتاز زہرہ نے مزید بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں وفد دورہ مکمل کر کے واپس چلا گیا ہے، اس وفد میں سعودی سرمایہ کاری کے لیے سعودی حکومت کے تمام وزیر اور اعلیٰ عہدیدار شامل تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وفد نے وزیراعظم ،صدر مملکت اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی، سعودی وزیر خارجہ اور وفد کی پاکستانی قیادت سے اہم گفتگو ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ اس سے پہلے سعودی عرب کے اس طرح اعلیٰ سطح کے وفد کی پاکستان آمد کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے، یہ دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے وفد کا دورہ پاکستان خوش آئندہ رہا، حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کے لئے جو اقدامات کئے ہیں اسے سراہا گیا ، سعودی وفد کے دورہ میں پاکستان میں نو ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے لیے معاملات طے ہو گئے ہیں ، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی بات کئی سال سے چل رہی ہے ، لیکن عملی طور پر کچھ ممکن نہیں ہو سکا۔